اسلام آباد: جنگ بندی کے بعد پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کی کوششوں کیلئے پاکستان کے ڈی جی ایم او میجر جنرل کاشف عبداللہ اور بھارتی ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائے کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں جنگ بندی سمیت مختلف امور پر بات چیت کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں 10 مئی کی سہ پہر بھی ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطہ ہوا تھا، جس میں فوری سیز فائر پر اتفاق ہوا تھا، ٹیلیفونک رابطے میں زمینی، فضائی اور بحری سمیت ہر طرح کی فائرنگ اور فوجی کارروائی روکنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، دونوں ممالک نے مسائل کے حل کیلئے تیسرے ملک کی ثالثی میں بات چیت کیلئے آمادگی کا اظہار کیا۔
امریکی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان براہ راست مذاکرات کے حامی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کا راستہ منتخب کرنے پر پاک بھارت وزرائے اعظم کی دانشمندی کو سراہتے ہیں، امریکا تعمیری بات چیت کو فروغ دینے کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔