بوسان:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی امور زیر بحث آئے ہیں۔
ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ہم منصب سے کہا کہ آپ سے دوبارہ مل کر بہت خوشی ہوئی، امید ہے ملاقات انتہائی کامیاب ہوگی، امریکہ اور چین کے درمیان آج تجارتی معاہدہ ہو سکتا ہے، امریکہ اور چین کے درمیان پہلے ہی بہت سی چیزوں پر اتفاق ہو چکا ہے، مزید کچھ معاملات پر آج اتفاق ہو جائے گا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور امریکہ کو ایک دوسرے کا دوست ہونا چاہیے، دونوں ملکوں کی تجارتی ٹیموں میں بنیادی نکات پر اتفاق ہو چکا ہے، دونوں ممالک کی ترقی کیلئے ساز گار ماحول قائم کیا جائے، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے مسائل پر کھلے دل سے گفتگو ضروری ہے، حالیہ غزہ جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے اہم کردار کو سراہتے ہیں۔
صدر شی نے ٹرمپ سے کہا کہ چین اور امریکا کے درمیان اختلا فات معمول کی بات ہے، باہمی تعلقات کی مضبوط بنیاد کے لیے آپ کے ساتھ کام جاری رکھنے کو تیار ہیں۔
ملاقات سے قبل امریکی صدر نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی شک نہیں کہ یہ ملاقات کامیاب ہوگی تاہم اس دوران صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ چینی صدر سخت گیر مذاکرات کار ہیں جو کہ اچھی بات نہیں۔