Aisam-ul-Haq

آئندہ سال انٹرنیشنل کھلاڑیوں پر مبنی ٹینس لیگ کروانے کا منصوبہ ہے: اعصام الحق

اسلام آباد: صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی نے کہا ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ اسپانسرز مالی تعاون کر رہے ہیں، آئندہ سال انٹرنیشنل کھلاڑیوں پر مبنی ٹینس لیگ کروانے کا منصوبہ ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹینس کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا میرا پہلا ہدف تھا، پاکستان ٹینس فیڈریشن میں جم، واش روم، کمرے و دیگر نئی سہولتیں کھلاڑیوں کو مہیا کی گئی ہیں، ٹینس کمپلیکس کے ٹینس کورٹس کو 10 سال بعد پینٹ کیا جانے لگا ہے۔

صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر محسن نقوی نے جیسے کرکٹ سٹیڈیم بنائے اسی سپیڈ سے ٹینس کورٹس بھی بنائیں گے، ٹینس کمپلیکس سی ڈی اے کی زمین پر تعمیر ہے جس کے 30 سال پورے ہونے والے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹینس کمپلیکس کی جگہ لیز کی ایکسٹینشن کے لیے 10 کروڑ روپے مانگے گئے جسے محسن نقوی نے معاف کروا دیا، سی ڈی اے کے ساتھ مل کر ٹینس کمپلیکس میں مزید 3 نئے کورٹس تعمیر کرنے جا رہے ہیں۔

اعصام الحق قریشی نے مزید کہا ہے کہ ٹینس کمپلیکس میں مزید کمرے اور سوئمنگ پول بنانے کا پروپوزل سی ڈی اے کو بھیج دیا ہے، انٹرنیشنل ٹینس کھلاڑیوں کو مقامی ہوٹل کی بجائے ٹینس کمپلیکس میں رہائش دی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ قومی سطح کے ٹینس ٹورنامنٹس کو ایک سال کے اندر 2 کروڑ سے زائد کے انعامات دیئے گئے ہیں، ستمبر میں پاکستانی ٹینس کھلاڑی ٹریننگ کے لیے ترکیہ جا رہے ہیں، ٹینس کو فروغ دینے کی ذمہ داری صرف حکومت کی نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں