کولمبو: آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا۔
دونوں ٹیمیں کولمبو کے پریما داسا سٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
قومی کپتان فاطمہ ثناء نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک میچ ہارنے سے کچھ نہیں ہوتا، ابھی ٹورنامنٹ باقی ہے، ہماری توجہ صرف کرکٹ پر ہے، ماضی میں بھارتی ٹیم کے ساتھ اچھی یادیں ہیں، بھارت کے خلاف میچ میں سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف شکست ہوئی تھی جبکہ بھارت نے سری لنکا کو مات دی تھی۔
ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں آج پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے، میچ کے آغاز سے قبل بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جو وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے دوران بھی کبھی ہلکی اور کبھی تیز بارش کا امکان ہے۔
کولمبو میں گزشتہ روز بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا تھا جس کے باعث سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ ختم کر دیا گیا تھا۔
دوسری جانب ایشیا کپ میں پاک بھارت تنازع کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چوکنا ہوگئی۔
قومی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کی پریس کانفرنس کے دوران آئی سی سی میڈیا پرسن نے ہینڈ شیک کے متعلق اور سیاسی سوالات کرنے سے روک دیا۔