airspace

اسرائیلی حملہ: ایران، اردن اور عراق سمیت متعدد ممالک کی فضائی حدود بند

اسلام آباد: اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد ایران، عراق اور اردن سمیت متعدد ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں۔

اسرائیلی حملوں کے بعد متعدد ایئرلائنز نے اسرائیل، ایران، عراق اور اردن کی فضائی حدود سے پروازوں کا رخ موڑ دیا ہے، جیسا کہ فلائٹ ریڈار24 کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے۔

اسرائیل کی قومی ایئرلائن ’ایل آل‘ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اسرائیل سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں تاحکمِ ثانی معطل کردی ہیں، ایرانی سرکاری میڈیا اور پائلٹس کے لیے جاری نوٹسز کے مطابق ایران کی فضائی حدود بھی تاحکمِ ثانی بند کردی گئی ہیں۔

ایئر انڈیا یورپ اور شمالی امریکہ کی پروازوں کے لیے ایران کی فضائی حدود استعمال کرتی ہے، اس نے بتایا کہ اس کی متعدد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے یا وہ اپنے روانگی کے مقام پر واپس لوٹ گئی ہیں، جن میں نیویارک، وینکوور، شکاگو اور لندن سے آنے والی پروازیں شامل ہیں، ایمیریٹس اور لوفتھانسا نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی ردعمل نہیں دیا۔

عراقی سرکاری میڈیا کے مطابق عراق نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہیں اور تمام ہوائی اڈوں پر فضائی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔

مشرقی عراق، جو ایران کی سرحد کے قریب واقع ہے، دنیا کے مصروف ترین فضائی راستوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے ہر وقت درجنوں پروازیں یورپ، خلیجی ممالک اور ایشیا کی طرف جاتی ہیں۔

فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق پروازوں کا رخ آہستہ آہستہ وسطی ایشیا یا سعودی عرب کی طرف موڑ دیا گیا ہے، اردن، جو اسرائیل اور عراق کے درمیان واقع ہے، اس نے بھی اسرائیلی کارروائی کے چند گھنٹے بعد اپنی فضائی حدود بند کردی ہے۔

سیف ایئر اسپیس نے اپنے پیغام میں کہا کہ صورتحال تاحال غیر یقینی ہے، اس وقت خطے میں فضائی آپریشن کرنے والے اداروں کو انتہائی احتیاط برتنی چاہئے، صبح دبئی پہنچنے والی کئی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا، ایمیریٹس کی مانچسٹر سے دبئی آنے والی پرواز کو استنبول واپس بھیج دیا گیا، جب کہ فلائی دبئی کی بیلگریڈ سے آنے والی پرواز کو یریوان، آرمینیا منتقل کردیا گیا۔

فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ اس نے عمان، بیروت، دمشق، ایران اور اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں، جب کہ متعدد دیگر پروازیں یا تو منسوخ کر دی گئی ہیں، دوبارہ شیڈول کی گئی ہیں یا اپنے روانگی کے ہوائی اڈوں پر واپس لوٹادی گئی ہیں، قطر ایئرویز نے جمعے کو دمشق کے لیے اپنی دو شیڈول پروازیں منسوخ کردی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں