دبئی: ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں آج پاکستان کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا، فاتح ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی۔
دبئی سٹیڈیم میں گرین شرٹس آج بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی، پاکستان کو فائنل کا دروازہ کھولنے کیلئے ہر صورت میں ٹائیگرز کو زیر کرنا ہو گا۔
آج کا میچ جیتنے والی ٹیم اتوار کو بھارت کے ساتھ فائنل کھیلے گی، پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب فارم میں نہیں ہیں جبکہ میچ میں حسن نواز کی شمولیت کا امکان ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 25 ٹی 20 انٹر نیشنل میچز ہوئے ہیں، پاکستان نے 20 اور بنگلا دیش نے 5 جیتے ہیں۔
دوسری جانب فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستانی فاسٹ باؤلرز جارحانہ مزاج ہیں، فائنل میں جو بھی ٹیم آئے گی ہم تیار ہیں، ہم یہاں ایشیا کپ جیتنے آئے ہیں، کوشش ہوتی ہے ہر میچ میں سو فیصد پرفارم کروں۔