ینگون: اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان فٹبال ٹیم کو میانمار نے 1-0 گول سے شکست دے دی۔
میزبان ملک میانمار کے خلاف ینگون کے تھوونا سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں دلچسپ مقابلہ رہا، پہلے ہاف میں پاکستان نے دفاعی حکمت عملی اپنائی اور مضبوط دفاع کی بدولت حریف ٹیم کے جارحانہ حملوں کو ناکام بنایا۔
تاہم پہلے ہاف کے اختتام پر فیفا کی رینکنگ میں 162 ویں درجہ پر فائز میانمار کو فیفا رینکنگ میں 198 ویں پوزیشن کے حامل پاکستان کے خلاف ایک گول کی سبقت حاصل ہوگئی۔
تھن پینگ نے 41 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی، یہ برتری فیصلہ کن ثابت ہوئی، دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے قدرے تیز کھیل پیش کیا لیکن کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔
ایونٹ کے گروپ ای میں پاکستان، شام، میانمار اور افغانستان شامل ہیں، پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں شام کے ہاتھوں دو گول سے شکست اٹھانی پڑی تھی، پاکستان اپنا تیسرا میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گا۔