لاہور:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کھیلا گیا جہاں قومی ٹیم نے بہترین بولنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے مہمان ٹیم کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔
بابر اعظم نے 18 گیندوں کا سامنا کرکے ایک چوکے کی مدد سے 11 رنز بنائے تاہم انہوں نے اس دوران ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا بھارت کے سابق کپتان روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا۔
بابراعظم نے ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 4 ہزار 234 رنز بنائے ہیں، انہوں نے یہ سنگ میل 130 میچوں کی 123 اننگز میں 39.57 کی اوسط سے حاصل کیا ہے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے ٹی20 کیریئر میں 3 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں بنا رکھی ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ 128.77 ہے۔
بھارت کے سابق کپتان روہت شرما نے 159 میچوں میں 151 اننگز کھیل کر 32.05 کی اوسط سے 4 ہزار 231 رنز بنا کر سب سے زیادہ ٹی20 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا، انہوں نے سب سے زیادہ 5 سنچریوں کا مشترکہ ریکارڈ بھی بنایا ہے۔
ٹی20 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 117 اننگز میں 48.69 کی شان دار اوسط کے ساتھ 4 ہزار 188 رنز بنائے ہیں۔