Bano Butt

بانو بٹ کی تاریخی جیت: ایشین جیو-جٹسو چیمپئن شپ میں پاکستان کا پرچم بلند

اسلام آباد : پاکستان کی بہادر اور باصلاحیت کھلاڑی بانو بٹ نے ایشیا میں جیو-جٹسو چیمپئن بن کر ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ بانو بٹ پہلے ہی اماف ایشین ایم ایم اے چیمپئن اور دو بار قومی ایم ایم اے چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کر چکی ہیں، اور اب انہوں نے اپنی فتوحات کی فہرست میں ایک اور تاریخی کارنامہ شامل کر لیا ہے۔

بانو بٹ کی شاندار کامیابی پر ان کے کوچ جناب الطاف طافو اور ان کی ٹیم کو بھی بھرپور مبارک باد دی جا رہی ہے، جن کی محنت اور رہنمائی نے اس خواب کو حقیقت بنایا۔ کھیلوں کے شائقین و عوام نے سوشل میڈیا پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا ہے۔

بانو بٹ نے اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جیت پاکستان کی عوام، اپنے کوچ، اور ان سب لوگوں کے نام کرتی ہیں جو اس سفر میں ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ محنت، جذبہ، اور استقامت سے ہر خواب کو سچ کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں یہ کامیابی ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ بانو بٹ آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتی رہیں گی۔ شاباش بانو بٹ!

اپنا تبصرہ بھیجیں