UN Secretary General

بلاول بھٹو کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات، بھارتی مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا

نیویارک:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوکی قیادت میں پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور بھارتی اشتعال انگیزی پر بات چیت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے انتونیو گوتریس کو وزیراعظم شہبازشریف کا خط پیش کیا، بلاول بھٹو نے مسئلہ جموں وکشمیر پرجامع مذاکرات کےآغاز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اورسندھ طاس معاہدے کی بحالی کیلئے بھی فعال کردارادا کریں۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے 22 اپریل 2025ء کے پہلگام حملے کے بعد کی صورتحال میں پاکستان کے مؤقف سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا، انہوں نے پاکستان پر بھارت کی جانب سے بغیر کسی قابلِ اعتبار تحقیقات یا شواہد کے لگائے گئے بے بنیاد اور قبل از وقت الزامات کو سختی سے مسترد کیا۔

بلاول بھٹو نے زور دے کر کہا کہ بھارت کے یکطرفہ فوجی اقدامات جن میں عام شہریوں پر حملے، ہلاکتیں، شہری انفراسٹرکچر کو نقصان اور سندھ طاس معاہدے کو من مانی طور پر معطل کرنا شامل ہیں، یہ نہایت خطرناک ہیں اور پورے خطے کے استحکام کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت ’’نیا معمول‘‘ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جو کہ یکطرفہ اقدامات، طاقت کے استعمال اور استثنیٰ پر مبنی ہے اور جو ایٹمی خطے میں ایک بڑے تنازع کو جنم دے سکتا ہے۔

پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کے سربراہ کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے ممکنہ انسانی اثرات، پاکستان پر آبی دباؤ ڈالنے کی بھارتی کوششوں اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر مفصل بریفنگ دی، اس دوران اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت کی آبی جارحیت خطے کے غریب طبقات کو براہِ راست متاثر کر رہی ہے۔

ملاقات میں بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بامقصد، جامع اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی امن پسندی اور سفارتکاری پر مبنی حکمت عملی کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔

انتونیو گوتریس نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اقوام متحدہ، کشیدگی کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور تمام معاملات میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو رہنما اصول کے طور پر استعمال کرے گا۔

پاکستانی وفد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فِیلیمون یانگ سے بھی ملاقات ہوئی، فِیلیمون یانگ نے کہا کہ امن کا واحد راستہ مکالمہ اور سفارتکاری ہے، اس سے پہلے بلاول بھٹوزرداری کی زیرِ قیادت سفارتی وفد نے فرانس کے سفیر سے ملاقات کی، بھارتی جارحیت اور یک طرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں