راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے شرپسندوں کی موجودگی کی خفیہ معلومات ملنے پر قلات میں فوری آپریشن کیا، بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں سے شدید جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز وژن عزم استحکام کے تحت انسداددہشتگردی کارروائی جاری رکھیں گی، مارے گئے دہشت گرد متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے وژن عزم استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف ے۔ قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے قلات میں کامیاب کارروائی کرکے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا۔
دوسری طرف بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 48گھنٹوں میں دواہم واقعات ہوئے، ڈیرہ بگٹی میں 100کے قریب دہشتگردوں اورفراری کمانڈرز نے ریاست کے سامنے سرنڈر کیا۔
شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اوران کی ٹیم کو سرنڈر کا کریڈٹ جاتا ہے، دوسرے واقعہ میں قلات میں فتنہ الہندوستان کے 12دہشتگرد مارے گئے ہیں، ریاست اور اس کے تمام ادارے بلوچستان پر واضح پالیسی رکھ کر آگے بڑھ رہی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ ماضی میں جو دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ان کو ایک موقع فراہم کیا جارہا ہے، اگر وہ بندوق کے زور پر بات کرنا چاہتے ہیں تو ریاست بھی بندوق کے زور سے ہی جواب دے گی۔