پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، پنجاب کے مطابق ہیڈ سدھنائی اور گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ خانکی، ہیڈ قادر آباد اور چنیوٹ برج پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
ہیڈ مرالہ، راوی سائفن، شاہدرہ، بلوکی اور ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ تریموں، جسڑ، اسلام اور میلسی سائفن پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
گڈو، سکھر، کوٹری، اور پنجند پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے چناب سے ملحقہ نالہ ایک میں بہت اونچے اور نالہ پلکو میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
دریائے راوی کے ملحقہ نالہ بسنتر اور نالہ نئیں میں پانی کی سطح کم ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے تین وارننگز موصول ہوئیں، آئندہ 72 گھنٹوں میں انڈیا کے تینوں بڑے ڈیم بھرنے کا خدشہ ہے جس سے راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے۔