Air India

بھارت: احمد آباد میں ایئرانڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرانڈیا کی فلائٹ نمبر اے آئی 171 بھارتی ریاست گجرات کے احمد آباد ایئرپورٹ سے لندن (برطانیہ) کیلئے روانہ ہوئی تھی، حادثہ ٹیک آف کے دوران پیش آیا، طیارے میں دو پائلٹ اور عملے کے 10 ارکان سمیت 254 افراد سوار تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے شکار طیارے میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی، 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارہ آبادی پر گر کر تباہ ہوا اور حادثے میں ہلاکتیں بڑھنے کا بھی خدشہ ہے، طیارہ حادثے کے بعد جائے حادثہ کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ حادثہ بھارتی وقت کے مطابق 1 سے 2 بجے کے درمیان پیش آیا اور حادثے کے بعد احمد آباد ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل ایک بج کر 39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی، حادثے کا شکار بوئنگ 787 طیارہ 11 سال پرانا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں