بھارت سے جنگ بندی: پاکستان کی ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دینے کی سفارش

حکومت پاکستان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن بنانے پر 2026ء کے لیے امن کے نوبل انعام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نامزدگی کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری نے حال ہی میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بلااشتعال جارحیت کا مشاہدہ کیا جو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی اور جس کے نتییجے میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم جانوں کا نقصان ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ اپنے دفاع کے بنیادی حق کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا جو ایک سوچا سمجھا، مضبوط اور درست فوجی جواب تھا اور جس کو احتیاط سے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ اپنی علاقائی سالمیت کا دفاع کیا جا سکے، اس دوران یہ بھی خیال رکھا گیا تھا کہ بھارتی شہریوں کی جانوں کو نقصان نہ پہنچے۔

حکومت پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق خطے میں جنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد اور نئی دہلی سے مؤثر رابطہ قائم کر کے کشیدگی کو کم کیا اور 10 مئی 2025 کو جنگ بندی کروا کر جنوبی ایشیا کو دو جوہری طاقتوں کے درمیان ایک ممکنہ بڑے تصادم سے بچا لیا، یہ جنگ بندی ان کے امن قائم کرنے میں کردار اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں