حوالدار لالک جان شہید:کسی بھی محاذ پر آخری لمحے تک بہادری و دفاع کی اعلیٰ ترین مثال

کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان کا آج یومِ شہادت منایا جا رہا ہے۔ وطن کی خاطر ان کی قربانی کو کسی بھی محاذ پر آخری لمحے تک بہادری و دفاع کی اعلیٰ ترین مثال قرار دیا جاتا ہے۔

مئی1999میں دشمن پڑوسی بھارت ایک بڑی جارحانہ کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور حوالدار لالک جان کمپنی ہیڈ کوارٹر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے جنگ کے اگلے محاذ پر لڑنے کے لیے اپنی خدمات رضاکارانہ طور پر پیش کیں ۔

مٹھی بھر ساتھیوں کے ہمراہ حوالدار لالک جان نے نہ صرف اپنی پوسٹ کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دشمن کے متعدد حملوں کو ناکام بنا کر اُسے بھاری جانی نقصان بھی پہنچایا۔

7جولائی کو دشمن تمام دِن حوالدار لالک جان کی پوسٹ پر گولوں سے آگ بر ساتارہا اور پھر اُسی رات 3 مختلف اطراف سے حملہ بھی کر دیا، جس میں حوالدار لالک جان شدید زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے اس کے باوجود محاذِ جنگ سے پیچھے ہٹنے سے انکار کر دیا۔ حوالدار لالک جان کے جوابی حملے میں دشمن کو بھاری نقصان کے ساتھ منہ کی کھانا پڑی۔

بعد ازاں حوالدار لالک جان دفاع وطن کا عظیم فریضہ سر انجام دیتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہو گئے۔دُشمن کی بے شمار تحریریں بھی اس با ت کا بر ملا اعتراف کرتی ہیں کہ ’’یہ کسی بھی محاذ پر آخری فرد تک بہادری کے ساتھ دفاع کی اعلیٰ ترین مثال تھی۔‘‘

صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا خراجِ عقیدت

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کی بے مثال بہادری، جرأت اور قربانی کو سلام پیش کیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشانِ حیدر) کی جرأت اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ لالک جان شہید نے شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے حملے روکے اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔

صدر زرداری نے کہا کہ شہید کی بہادری اور حب الوطنی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ لالک جان شہید کی قربانی آئندہ نسلوں کے لیے جرأت و عزم کی روشن مثال ہے۔ ہم اپنے بہادر سپوت لالک جان شہید کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قوم کو اپنے عظیم سپوت لالک جان شہید کی قربانی پر فخر ہے ۔ لالک جان شہید کی قربانی پاکستان کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کارگل جنگ کے دوران وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور وطن کی خاطر عظیم قربانی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں