ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ پستے کھانا آنتوں کی صحت، سوزش میں کمی اور قوتِ مدافعت میں بہتری کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہےبالخصوص اس کو جب رات کے وقت کھایا جائے۔
امریکا میں ہونے والی ایک تحقیق (جس میں 51 بالغ افراد شامل تھے) یہ بات سامنے آئی کہ رات کے وقت پستےکھانا آنتوں کے بیکٹیریا کو مثبت انداز میں متاثر کرتا ہے۔تاہم، یہ اثر صرف پری ڈائیبیٹیز کے شکار افراد میں دیکھا گیا۔
جرنل کرنٹ ڈیویلپمنٹس اِن نیوٹریشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں سائنس دانوں نے بتایا کہ اگر رات کو ٹوسٹ جیسے کاربوہائیڈریٹ پر مشتمل غذا کی جگہ پستے کھائے جائیں تو آنتوں کے مائیکروبائیوم (یعنی آنتوں میں بسنے والے جرثوموں کی دنیا)کو صحت مند سمت میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
مزید برآں، 2023 میں جرنل فوڈز میں شائع ہونے والی ایک اور تحقیق سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ پستے، دیگر خشک میواجات کے مقابلے میں آنتوں میں مفید بیکٹیریا کی تعداد بڑھانے میں زیادہ مؤثر ہوتے ہیں۔
پستوں کی غذائی اہمیت کے ایسے ٹھوس شواہد کے بعد ماہرین اسے رات کے اسنیک کے طور پر ایک بہترین انتخاب قرار دے رہے ہیں۔