ریاض:سعودی ولی عہد کے وژن 2030 کے تحت کئی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں اب دنیا کا پہلا سکائی سٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔
گلف نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں ایک سکائی سٹیڈیم کو دکھایا گیا ہے اور اس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سعودی عرب دنیا کا پہلا ہوا میں معلق ’’سکائی اسٹیڈیم‘‘ بنانے کی تیاری کر رہا ہے، یہ سٹیڈیم مستقبل کے نیوم شہر میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔
دنیائے کھیل کا یہ حیرت انگیز تعمیراتی منصوبہ زمین سے 1150 فٹ (350 میٹر) کی بلندی پر تعمیر کیا جائے گا اور اس کو ایسے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ ہوا میں معلق دکھائی دے گا۔
ممکنہ طور پر یہ سٹیڈیم 2034 میں سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کیلئے تیار کیا جا رہا ہے، تاہم دنیا کو حیران کر دینے والے اس عجوبہ منصوبے کا 2032 میں افتتاح کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ سٹیڈیم مکمل طور پر شمسی توانائی اور ہوا سے چلایا جائے گا اور اس میں 46 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ نیوم سٹیڈیم صرف کھیلوں کا سٹیڈیم ہی نہیں ہوگا بکہ ایک ثقافتی، سماجی مرکز اور تفریحی مقام بھی ہوگا، اس سٹیڈیم میں مینز اور ویمنز فٹبال کلبز بھی ہوں گے جبکہ سال بھر کھیلوں کے مختلف عالمی ایونٹس بھی یہاں منعقد کئے جائیں گے۔