Sweden & Netherlands

سویڈن اور نیدرلینڈز کا یورپ سے اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدہ معطل کرنے کا مطالبہ

برسلز:سلووینیا کی جانب سے اسرائیل پر پابندی لگانے کے بعد سویڈن اور نیدرلینڈز نے یورپی یونین سے اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدہ معطل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

سویڈن کے وزیر اعظم اُلف کرسٹرشَن نے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے اور اسرائیل انسانی امداد کی ترسیل کے حوالے سے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔

ہالینڈ کے وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر امداد میں بہتری نہ آئی تو یورپی یونین کو اسرائیل کے ساتھ تجارتی معاہدے کو معطل کر دینا چاہئے۔

سپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے یورپی یونین پر دہرا معیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہم نے روس کے خلاف 18 پابندیوں کے پیکیج منظور کیے، مگر اسرائیل کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر ہم ایک معاہدہ بھی معطل نہیں کر سکے۔

یاد رہے کہ 2 مارچ سے اسرائیل کی مکمل ناکہ بندی کے بعد غزہ میں 150 سے زائد افراد بھوک سے جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ امریکی و اسرائیلی نگرانی میں امدادی مراکز پر حملوں میں 1,000 سے زائد شہری مارے گئے ہیں۔

اقوام متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی ادارے، اور متعدد ممالک اب اس جنگ کو نسل کشی قرار دے چکے ہیں، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 60,000 سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں