راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں کلیئرنس آپریشن کے دوران مزید 3 بھارتی حمایت یافتہ خوارجی دہشت گرد مارے گئے ہیں، چار روزہ آپریشن میں ہلاک ہونے والوں خوارجیوں کی تعداد 50 ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں 7 سے 9 اگست تک سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 47 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب بھی پاک افغان سرحدی علاقہ سمبازا میں آپریشن کیا جس میں فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گرد مارے گئے۔
بتایا گیا ہے کہ 4 روز میں مجموعی طورپر 50 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں سے اسلحہ، بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک کے دفاع کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سکیورٹی فورسز پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں فتنہ الہندوستان کے مزید 3 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو قوم تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنایا، بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔