Shabaz Shareef

صدر ٹرمپ کا شکریہ، معاہدے سے دیرپا شراکت داری کو وسعت ملے گی: وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تاریخی تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے جس کے لیے اتھاہ گہرائی سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ایکس پر انہوں نے لکھا کہ معاہدے میں صدر ٹرمپ نے قائدانہ کردار ادا کیا، یہ تاریخی معاہدہ ہمارے بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دے گا۔

وزیراعظم نے یہ بھی لکھا کہ اس معاہدے سے آنے والے دنوں میں ہماری دیرپا شراکت داری کی حدود کو مزید وسعت دی جا سکے گی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ الحمدللہ، پاکستان کا امریکا کے ساتھ تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے، یہ بیان انہوں نےٹرمپ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پردی گئی پوسٹ کے جواب میں جاری کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون، توانائی کے شعبے میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا، پاکستان اپنی معاشی پوزیشن کومستحکم بنانے کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پرپاکستان کا مقام ایک بارپھرمستحکم ہو رہا ہے، حکومت نے ہمیشہ قومی مفاد میں معاشی ڈپلومیسی کو ترجیح دی ہے اور یہ معاہدہ اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

معاہدے کی تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کی جائیں گی تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق یہ شراکت داری توانائی، بنیادی ڈھانچے اوربرآمدی مواقع کی وسعت میں کلیدی کردارادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں