کراچی میں منگل کی صبح سے وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش نے شہر کو ڈبو دیا جس کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں اور مختلف حادثات میں اب تک 11 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، شدید بارش کے باعث آج شہر میں عام تعطیل ہے۔
کراچی میں شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت شہر کی بڑی سڑکیں ڈوب گئیں، ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا، منزلوں کو جانے والے پھنس گئے، گاڑیاں اور بسیں ڈول گئیں، بے بس شہری، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو دھکے لگاتے لگاتے سڑکوں پر رل گئے۔
سرجانی ٹاؤن، گارڈن، شادمان ٹاؤن ،سخی حسن سمیت مختلف علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہو گیا، نارتھ کراچی ناگن چورنگی کی فوڈ سٹریٹ پر کئی دکانیں ڈوب گئیں۔