اسلام آباد: عالمی بینک پاکستان کو رواں مالی سال مختلف منصوبوں کے لیے 2 ارب ڈالر سے زائد قرض دے گا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق قرض انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن کے ذریعے دیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق پاکستان میں عالمی بینک کی فنڈنگ کے ذریعے 57 مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 16.6 ارب ڈالر ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ منصوبوں کا تعلق زراعت، پانی، توانائی، فنانس اور ریونیو سے ہے، مواصلات، دیہی و شہری ترقی، ہیومین کیپٹل، سوشل سروسز اور گورننس کے منصوبے شامل ہیں۔
عالمی بینک گزشتہ سات سال میں 11 ارب 84 کروڑ ڈالر فراہم کر چکا ہے، سب سے زیادہ 1.96 ارب ڈالر توانائی شعبے کے لیے دیئے گئے ہیں، آنے والے برسوں میں مختلف منصوبوں کے لیے مزید فنڈز دیئے جائیں گے۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال 25-2024 میں ایک ارب 80 کروڑ ڈالر قرض دیا گیا ہے۔