برسلز: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یورپی یونین کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر سے اہم ملاقات کی جس میں غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، انسانی سمگلنگ کے خلاف اقدامات اور باہمی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور میگنس برنر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان سے یورپ کے لیے غیر قانونی راستوں کے ذریعے جانے کی کوششوں میں 47 فیصد کمی آئی ہے جو حکومت پاکستان کے مؤثر اقدامات کا مظہر ہے۔
انہوں نے پاکستان حکومت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس پیش رفت کو مثالی قرار دیا اور جلد پاکستان کے دورے کا بھی اعلان کیا۔
وفاقی وزیر محسن نقوی نے بتایا کہ رواں سال کے دوران پاکستان میں 1,770 انسانی سمگلرز اور ان کے ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے جو کہ غیر قانونی امیگریشن کے خلاف حکومتِ پاکستان کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی کو مزید مضبوط کیا جائے گا، دونوں جانب سے معلومات کے تبادلے سمیت ہر ممکن تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔