ملک بھر میں طوفانی بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب، حادثات میں 5 افراد جاں بحق

ملک کے مختلف شہروں میں مون سون کے طوفانی سپیل کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہو کر رہ گیا، پنجاب بھر میں 24 گھنٹے کے دوران بارش اور آندھی سے 5 افرد جاں بحق ہوگئے۔

موسلادھار بارشوں کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی بڑھ گیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقوں لکشمی چوک، گڑھی شاہو، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، اقبال ٹاؤن، جیل روڈ، فیروزپورروڈ، کینال روڈ، اچھرہ، ماڈل ٹاؤن، ٹاؤن شپ، نشتر ٹاؤن، جوہرٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ اور کاہنہ سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا، لیسکو کے 260 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے، قصور، پتوکی، گجرات، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، گوجرہ، سیالکوٹ، ڈسکہ، شکر گڑھ، نارووال، سرگودھا اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش ہوئی، جس سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔

مریم نواز کی اربن فلڈنگ کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسلسل بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ کے لئے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز شریف نے ہر شہر کے مرکزی اور اندرونی روڈز کو جلد از جلد کلیئر کرنے کا حکم دیدیا اور نشیبی علاقوں میں بارشی پانی کے جلد نکاسی کیلئے کاوشیں تیز تر کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے کے ایس او پی ز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا اور انتظامی افسروں کو نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی، واسا حکام کو خود فیلڈ میں پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں