پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے تعاون سے ایس اے گارڈنز میں چوتھی سالانہ نیشنل مکسڈ مارشل آرٹس چیمپئن شپ 2025 کے پری اور کوارٹر فائنل مقابلے 9 اور 10 اگست کو نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیے گئے۔
اس ایونٹ میں پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد کوالیفائیڈ مرد و خواتین فائٹرز نے بھرپور حصہ لیا
افتتاحی تقریب میں معزز مہمانان گرامی نے خصوصی شرکت کی جن میں چئیرمین ایس اے گروپ سہیل افضل ملک، سی ای او ایس اے گروپ و چئیرمین پی ایم ایم اے ایف شعیب افضل ملک، وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب رانا منور غوث خان، اور صدر پی ایم ایم اے ایف بابر راجہ شامل تھے۔
ایونٹ کے دوران مختلف ویٹ کیٹیگریز میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملے، جن میں کئی فائٹس آخری راؤنڈ تک پہنچیں۔ خاص طور پر خواتین فائٹرز کی شرکت اور ان کی کارکردگی نے شائقین کو خوب متاثر کیا۔
شائقین کی بڑی تعداد نے ایونٹ میں شرکت کی اور پورے جوش و خروش سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ فیملیز، نوجوانوں اور کھیلوں کے شوقین افراد کی بڑی تعداد کی موجودگی نے ایونٹ کو یادگار بنا دیا
اس موقع پر بابر راجہ کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کی ترقی کا ضامن ہے بلکہ نوجوانوں کو مثبت سمت میں مصروف رکھنے کا ذریعہ بھی ہے۔ ہم مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کو جاری رکھیں گے
وزیر زکوٰۃ و عشر پنجاب رانا منور غوث خان نے کہا کہ
“حکومت پنجاب کھیلوں کے فروغ میں نجی اداروں کے تعاون کو سراہتی ہے اور ایسے ایونٹس نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔”
نیشنل چیمپئن شپ کے فائنلز اگلے مرحلے میں منعقد ہوں گے، جن کی تاریخ اور مقام کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔