Asim Iftikhar

پاکستان کا غزہ سے صیہونی فوج کے انخلا اور تمام عرب علاقوں سے اسرائیلی قبضےکے خاتمے پر زور

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے دوٹوک الفاظ میں واضح کردیاکہ پاکستان فلسطینی عوام کی حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مکمل حمایت جاری رکھےگا۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے کی جانے والی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔

پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے 300 سے زائد فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں، غزہ میں اب بھی گھر تباہ کیے جارہے ہیں اور لوگ خوف میں جی رہے ہیں۔

پاکستانی مندوب نے غزہ میں حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے انخلا پر زور دیا، ساتھ ہی واضح کیا کہ غزہ میں جنگ بندی کی مکمل پابندی اور فوری امن قائم کرنے کے لیے سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر مکمل عمل درآمد ضروری ہے ۔

پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ میں فلسطینی عوام کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا، عاصم افتخار نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ غزہ میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

پاکستانی مندوب نے انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ موسم سرما کے پیش نظر غزہ کے شدید مصائب کا شکار عوام کو فوری تحفظ اور وسیع پیمانے پر امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے غزہ کی تعمیر و بحالی کے فوری آغاز پر بھی زور دیا اور کہا کہ کسی بھی قسم کا الحاق یا جبری بے دخلی ہر صورت میں نہیں ہونی چاہیے۔

پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل میں بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ پاکستان آزاد ریاست کے قیام کی جدوجہد میں فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان کاکہنا تھاکہ تمام عرب علاقوں سے اسرائیلی قبضےکاخاتمہ ہونا چاہیے اور ایسی فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں