Flood Alert

پنجاب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ، ملتان میں صورتحال خراب، فوج طلب

لاہور:بھارت کی جانب سے پاکستان کو سیلاب سے متعلق نئی معلومات فراہم کرنے کے بعد پنجاب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ جلال پور پیر والا میں سیلاب کے باعث صورتحال خراب ہونے کے بعد پاک فوج کو مدد کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔

بھارت نے پاکستان سے پھر سفارتی رابطہ کرتے ہوئے دریائے ستلج میں ہریکے اور فیروزپور کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب سے آگاہ کیا ہے جس پر وزارت آبی وسائل نے 28 اداروں کو انتباہی خط جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے ہریکے زیریں اور فیروزپور زیریں میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

مانگا منڈی کے ہتر گاؤں میں دریائے راوی کے سیلابی پانی میں پھنسے 9 افراد کو ریسکیو 1122 نے امداد کے لیے فون آنے کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

کہروڑ پکا کے علاقے ٹبی وڈاں رتھاں والا، موچی والا، ڈیرہ دلاور حفاظتی بند ٹوٹ گئے، پانی تیزی سے آبادیوں کے طرف بڑھنے لگا، ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں، علاقہ مکیں اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی کرنے لگے۔

دوسری جانب ملتان کے شیر شاہ فلڈ بند کے اندر موجود درجنوں بستیوں میں کھڑے پانی کے باعث مکانات گرنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ بارش کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

پنجاب کے دریاؤں کی صورت حال

فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے مطابق چناب میں تریموں اور پنجند میں بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے، تریموں کے مقام پر اس وقت پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ 43 ہزار کیوسک جبکہ پنجند پر چار لاکھ 89 ہزار کیوسک ہے۔

راوی میں بلوکی کے مقام پر ایک لاکھ 52 ہزار کیوسک پانی کے ساتھ بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ شاہدرہ اور سدھنائی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

ستلج میں گنڈا سنگھ والا میں انتہائی اونچے درجے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر 138,305 کیوسک پانی کے ساتھ اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں