پنجاب کے تمام ٹول پلازوں پر پرچی ختم، مکمل ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ

پنجاب کے تمام ٹول پلازوں پر پرچی کا نظام ختم کرنے اور مکمل ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں مختلف محکموں نے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، جن میں ٹرانسپورٹ، تعمیرات، توانائی بچت اور شہری خوبصورتی کے منصوبے شامل تھے۔اجلاس میں صوبے کے تمام ٹول پلازوں پر پرچی کا نظام ختم کرنے اور مکمل ڈیجیٹائزیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب 38 ٹول پلازوں پر موٹروے کی طرز پر ’’ون ایپ، ون سسٹم‘‘ متعارف کرایا جائے گا تاکہ عوام کو سہولت میسر ہو اور آمدورفت میں شفافیت اور تیزی آئے۔

اجلاس میں 5 بڑی سڑکوں کی تعمیر، مرمت اور بحالی کے منصوبوں کیلئے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی منظوری دی گئی ہے، ان منصوبوں میں نجی ادارے کام کریں گے اور حکومت ان کے ساتھ اشتراک کرے گی، اس عمل سے اخراجات میں کمی اور کام کی رفتار میں بہتری کی توقع ہے۔ای ٹینڈرنگ کے ذریعے پنجاب میں 40 ارب روپے کی بچت ہوئی، جسے حکومتی سطح پر بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے نئی بننے والی تمام سڑکوں پر سولر سٹریٹ لائٹس لگانے کا حکم دیا ہے تاکہ توانائی کی بچت ہو اور ماحول دوست نظام کو فروغ ملے، لاہور کی بیوٹیفکیشن کے لئے متعدد منصوبے منظور کئے گئے ہیں، جن میں ریلوے اسٹیشن، داتا دربار، مصری شاہ، ایک موریہ، اور دو موریہ پل کی خوبصورتی اور ری ویمپنگ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ریلوے سٹیشن کے سامنے پارک میں فوارہ اور بچوں کے لئے منی ٹرین بھی چلائی جائے گی جبکہ سٹیشن کے اطراف 3 کلومیٹر کے دائرے میں نئی سڑکیں اور فٹ پاتھ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔

اجلاس میں سی اینڈ ڈبلیو اور ایل ڈی اے کے پراجیکٹس پر پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ 54 پل، 142 چھوٹے پل اور 858 سڑکیں مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہیں، 93 کلومیٹر طویل ملتان-وہاڑی روڈ کو پنجاب کی پہلی ڈسٹ فری سڑک بنایا جا رہا ہے جسے جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا، اسی طرح قائداعظم انٹرچینج سے واہگہ بارڈر تک ٹورازم کوریڈور بھی جون تک مکمل ہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں