دریائے چناب میں ہیڈ قادرآباد کے مقام پر پانی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 9 لاکھ 96 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے، جو ہیڈ ورکس کی 8 لاکھ کیوسک کی گنجائش سے تقریباً 2 لاکھ کیوسک زائد ہے۔
یہ تفصیلات ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے جاری کیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ قادرآباد پر پانی کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، اور خاص طور پر بائیں جانب بند کے ٹوٹنے کا خدشہ ہے، جس کے سنگین اثرات ہو سکتے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ اگر بند ٹوٹا تو حافظ آباد اور چنیوٹ کے وسیع علاقے شدید متاثر ہوں گے۔ اس خطرے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرز کو شہریوں کے فوری انخلاء کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ، محکمہ آبپاشی اور ریسکیو ادارے موقع پر موجود ہیں اور بند کو بچانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
ڈی جی عرفان علی کا کہنا تھا کہ بند کو محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور عملہ فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔